یواین آئی
رانچی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو دھنباد میں جھارکھنڈ کو 35 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا تحفہ دیا ۔دھنباد ضلع کے سندری ہرل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، ‘میں نے عہد لیا تھا کہ سندری کے اس کھاد کارخانہ کو ضرور شروع کرائیں گے، یہ مودی کی گارنٹی تھی، آج یہ گارنٹی پوری ہو ئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سال 2018 میں سنگ بنیاد رکھنے آئے تھے۔ آج سندری فیکٹری کا افتتاح ہی نہیں بلکہ ہزاروں نئے روزگار کے مواقع کی شروعات ہوئی ہے۔ اس کھاد فیکٹری کے افتتاح کے ساتھ ہی ہندوستان نے یوریا کے شعبے میں خود انحصاری کی طرف ایک قدم بڑھایا ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک میں 360 لاکھ ایم ٹی یوریا کی ضرورت ہے، جب 2014 میں مرکز میں این ڈی اے کی حکومت بنی تھی، تو اس وقت ملک میں صرف 225 ایم ٹی یوریا کی پیداوار ہوتی تھی، جس کی وجہ سے یوریا درآمد کرنا پڑتا تھا۔ لہٰذا سندری کی بند کھاد فیکٹری کو دوبارہ شروع کرانے اور ملک کو یوریا کے شعبے میں ’آتم نربھر‘ (خود کفیل) بنانے کا عزم کیا گیا تھا۔ حکومت کی کوششوں سے اب 310 ایم ٹی یوریا پیدا ہو گیا ہے۔ اس سے نہ صرف پیسوں کی بچت ہوگی بلکہ کسانوں کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 2047 تک جھارکھنڈ کو’وکست بھارت ‘ بنانے کا عزم پوراہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ معاشی اعداد و شمار کافی حوصلہ افزا ہیں۔ اکتوبر اور دسمبر کے درمیان 8.4 فیصد کی شرح نمو حاصل ہونا ،یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان کی صلاحیت کس رفتار سے بڑھ رہی ہے۔وزیراعظم نے ریاست کی ترقی میں حکومت کی حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ’ ’وکست بھارت کے لیے وکست جھارکھنڈ بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔‘‘مودی نے کہا کہ آج جھارکھنڈ ریل انقلاب کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھنباد – چندر پورہ ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ اس ریلوے لائن کے سنگ بنیاد کے ساتھ ہی چندر پورہ-دھنباد کو ایک نیا روٹ دستیاب ہو گا جس سے زیر زمین آگ لگنے کا مسئلہ حل ہو سکے گا۔ اس کے علاوہ دیوگھر-ڈبرو گڑھ ٹرین کے شروع ہونے سے بابا بیدیا ناتھ مندر اورماں کامکھیا شکتی پیٹھ ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے۔ اس کے علاوہ وارانسی-کولکتہ ایکسپریس وے کی وجہ سے جھارکھنڈ کی رفتار کئی گنا بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپریس کسانوں کو اپنی پیداوار ملک کے کونے کونے میں بھیجنے میں سہولت فراہم کرے گی۔زیر اعظم مودی نے کہا کہ چوں کہ میں انہیں وہ نہیں کرنے دے رہاہوں جو وہ چاہتے ہیں (کرپشن، جرم)۔ اس لیے ترنمول کانگریس مودی کو دشمن نمبر ایک سمجھتی ہے۔ میں بنگال کے عوام سے سوال کرتا ہوں کہ ترنمول کرپشن کر رہی ہے، میں اس کی اجازت دوں ؟ انہیں لوٹنے دو؟ چوروں کو پکڑنے کے لیے ایکشن نہیں لوں۔ایسا نہیں ہوسکتا ہے میں انہیں نہیں چھوڑیں گے۔