ڈھاکہ//چٹاگانگ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز ہو گیا ہے۔ میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے 6 وکٹیں گرا کر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ بھارت فتح سے 4 وکٹ دور ہے۔ بنگلہ دیش نے 514 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنا لیے تھے۔ بنگلہ دیش کو آخری روز جیت کے لیے 241 رنز درکار ہیں۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن 40 رنز بنا کر ناقابل شکست واپس لوٹ گئے۔ دوسرے سرے پر مہدی حسن معراج ہیں۔اس سے قبل چوتھے دن بنگلہ دیش نے کل کے اسکور 42 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز ذاکر حسن اور نجم الحسین نے شاندار بلے بازی کی اور بنگلہ دیش کی اننگز کے 16ویں اوور میں 50 رنز مکمل کر لیے۔ لنچ سے قبل ہی دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور بنگلہ دیش کا اسکور بھی 100 سے تجاوز کر گیا۔ بھارت کو پہلی کامیابی 124 رنز کے اسکور پر ملی۔ نجم الحسین امیش یادیو کی گیند کو تھرڈ مین کی طرف کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شانتو 67 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اوپننگ جوڑی کوآؤٹ کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے اچھی واپسی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ اس میں اکشر پٹیل اور کل دیپ یادو کا اہم حصہ تھا۔ ان دونوں نے مل کر بنگلہ دیش کے مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ اکشر پٹیل نے یاسر علی کو آؤٹ کر کے بھارت کو دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد لٹن داس اور ذاکر حسن نے تیسری وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے۔ کلدیپ یادو نے لٹن داس کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو تیسرا جھٹکا دیا۔اس کے بعد اشون نے دوسرے اینڈ کو سنبھالا اور سنچری بنانے کے فوراً بعد حسن کو آؤٹ کر دیا۔