؎ممبئی،14 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں پہلے دو میچوں کے نتائج اہم ہوں گے جو بھی ٹیم پہلے دو میچوں میں فتح حاصل کرے گی سیریز پر اس کا قبضہ ہوگا۔واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 17 ستمبر سے چنئی میں کھیلے جانے والے ونڈے سے سیریز کا آغاز ہوگا۔ روی شاستری نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو سخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو میچ بہت اہم ثابت ہوں گے ۔ہمیں ابتدائی دونوں میچوں میں لازمی جیت حاصل کرنی ہوگی۔ یہ دو میچ ہی سیریز کا فیصلہ کریں گے ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کہا کہ میزبان ٹیم کو اس سیریز میں آسٹریلیا سے زبردست ٹکر ملے گی۔ ہمارا بالنگ اٹیک بہت مضبوط ہے اور اس میں نوجوان باصلاحیت گیند باز شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے گا ۔ انہوں نے ٹیم انڈیا کے لیے کھلاڑیوں کا ایک بڑا پول بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کم سے کم اس سلسلے میں 25 کھلاڑیوں کی ضرورت ہے ۔شاستری نے مزید کہا کہ جوفٹ کھلاڑی ہیں وہ ٹیم میں آسکتے ہیں فارم اور فیلڈنگ میں فٹ ہونا بہت ضروری ہے ۔اگر کھلاڑیوں کو سال 2019 عالمی کپ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے تو ان کو فٹ رہنے کی سخت ضرورت ہے ۔ سری لنکا کے خلاف تمام نو میچوں میں جیت حاصل کرنے کے موقع کو یاد کرتے ہوئے شاستری نے کہا کہ انہو ں نے اپنے زندگی میں کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ کوئی بھی ٹیم آسٹریلیا یا انگلینڈ اور سری لنکا میں سارے کے سارے میچ جیت لیں۔واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا میں ٹسٹ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں کلن سوئپ کیاتھا ۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو چیلنجنگ قرارا دیتے ہوئے شاستری نے کہا کہ دونوں ٹیمیں طاقت اور کمزوری کی بنیاد پر ایک جیسی ہیں اس لیے سیریز میں زبردست مقابلے دیکھنے کو ملے گا۔اگر آسٹریلیائی ٹیم اپنے عبوری مرحلے میں ہے تو ٹیم انڈیا بھی اسی دوڑ سے گزر رہی ہے ۔ ہندوستانی کپتا ن وراٹ کوہلی اور آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کے درمیان موازنہ پر روی شاستری نے کہا کہ دونوں ہی ایک جیسے ہیں ایک ہی طرح سے بلے بازی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسمتھ ایک خطرناک کھلاڑی ہے اور ہندوستان کے خلاف ان کا زبردست ریکارڈ ہے ۔کپتان وراٹ کی تعریف کرتے ہوئے ہندوستانی کوچ نے کہا کہ وراٹ کو گھما پھیرا کر بات کرنا پسند نہیں ہے ۔ وراٹ کوہلی کا جوش میں رہنا ٹیم کے لئے اچھا ثابت ہوگا۔ وراٹ اب کافی کچھ سیکھ چکے ہیں اور آئندہ تین چار سال میں بہت کچھ سیکھنے والے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے لئے شاستری نے کہا کہ ٹیم میں ابھی دیگر کھلاڑی بھی ابھر کر سامنے آرہے ہیں ۔ منیش پانڈے زبردست کھلاڑی ہیں اور غضب کے شارٹ لگا سکتے ہیں جب کہ لوکیش راہل بھی بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں ۔یو این آئی۔