نئی دہلی// روایتی حریف پاکستان کے ہاتھوں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بڑی شکست کے ساتھ خطاب گنوانے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو پیر کو آئی سی سی کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ پھسل کر تیسرے مقام پر جبکہ پہلی بار چیمپیئن بنی پاکستان آٹھویں نمبر سے چھلانگ لگا کر چھٹے نمبر پر پہنچ گ· ہے ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چمپئن کی حیثیت سے میدان میں اتری وراٹ کوہلی کی ٹیم انڈیا ٹورنامنٹ سے پہلے 118 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر تھی لیکن لندن میں اتوار کو ہوئے فائنل میں 180 رنز کی بڑی شکست کے بعد وہ درجہ بندی میں ایک مقام نیچے آگئی ہے ۔ ہندستان کو ساتھ ہی دو پوائنٹس کا نقصان بھی ہوا ہے اور اب اس کے 116 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔لیگ مرحلے میں ہی باہر ہو گئی آسٹریلیائی ٹیم کے ہندستان سے ایک پوائنٹ زیادہ 117 پوائنٹس ہیں اور وہ ایک پوائنٹ کی بہتری کے ساتھ واپس اپنے دوسرے مقام پر پہنچ گئی ہے ۔ جنوبی افریقہ نے بھی چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن وہ اب بھی سب سے زیادہ 119 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے میں سر فہرست ہے ۔چیمپئنز ٹرافی کے لیے آٹھویں نمبر پر رہ کر کوالیفائی کرنے والی پاکستانی ٹیم نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں پہلی بار فائنل تک کا سفر طے کیا بلکہ سرفراز احمد کی ٹیم خطاب تک حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو اس کی آئی سی سی ٹورنامنٹوں میں تیسری سب سے بڑی جیت ہے ۔ اس کی بدولت پاکستان کو رینکنگ میں دو مقام کا فائدہ ہوا اور وہ آٹھویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔پاکستان کے پاس اب 95 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اس سے آگے چیمپئنز ٹرافی کی میزبان ٹیم انگلینڈ 113 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ 111 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ ٹورنامنٹ میں پہلی بار سیمی فائنل تک پہنچی بنگلہ دیشی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے اور اس کے 94 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جبکہ سری لنکا پھسل کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جس کے پاس 93 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ویسٹ انڈیز (77) اور افغانستان (54) بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔یواین آئی۔