حیدر آباد//وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کسی کیساتھ تنازعات نہیں امن چاہتا،لیکن اس کے ساتھ ہی ملک کے وقار کیساتھ کسی طرح کا نقصان برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حیدرآباد کے ائرفورس اکیڈیمی میںایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ ہم پر پر امن طریقے سے کسی بھی مسئلے کے حل پر یقین رکھتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے دکھا دیا ہے کہ وہ کمزور نہیں بلکہ سرحدوں پر کسی بھی قسم کی سرکشی یا یکطرفہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔ پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار جنگوںمیں شکست کے باوجود ہمسایہ ملک اپنی مذموم حرکتوں سے بازنہیں آیاہے،وہ دہشت گردی کے ذریعہ درپردہ جنگ کر رہا ہے۔ ایسی کوششوں کا جواب دینے والی سیکورٹی فورسس کو وہ تہنیت پیش کرنا چاہتے ہیں۔وزیردفاع نے کہا کہ1971 کی لونگے والا لڑائی سے لے کر حالیہ بالاکوٹ کے فضائی حملوں تک یہ تمام واقعات ملک کی تاریخ میں سنہرے باب سمجھے جاتے ہیں۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز، پولیس اور فوج کافی چوکسی کے ساتھ دہشت گری کا مقابلہ کر رہی ہے۔ وہ نہ صرف داخلی طور پر بلکہ سرحد پار بھی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔ بالاکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ نے موثرجواب دیا اور دنیا نے دہشت گردی کے خلاف ہمارے ملک کی صلاحیت کو دیکھ لیا ہے۔وزیر دفاع نے چین کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ نیا ہندوستان ہے اور وہ سرحدوں پر کسی بھی سرکشی، جارحیت اور یکطرفہ کارروائی کا جواب دینا جانتا ہے۔ لداخ میں ہند۔چین تصادم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آپ کو ہند۔چین تصادم کے بارے میں باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔