نئی دہلی// صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے درمیان تعطل پر تبصرہ کیے بغیر ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستانی جمہوریت طاقتور ہے اور پارلیمانی نظام پر مبنی ہے ، جس میں پارلیمنٹ کو جمہوریت کا مندر شمار کیا جاتا ہے ۔مسٹر رام ناتھ کووند نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کے معماروں نے عوام کے ضمیر پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور 'ہم ہندوستان کے لوگ' اپنے ملک کو ایک طاقتور جمہوریت بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "پچہتر سال پہلے جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تھی، تب بہت سے لوگوں کو خدشہ تھا کہ ہندوستان میں جمہوریت کامیاب نہیں ہوگی۔ ایسے لوگ شاید اس حقیقت سے بے خبر تھے کہ قدیم زمانے میں جمہوریت کی جڑیں ہندوستان کی اس سرزمین میں پنپ چکی تھیں۔ اور جدید دور میں بھی ہندوستان بلا امتیاز تمام بالغ افراد رائے دہی حق کا دینے میں متعدد مغربی ممالک سے آگے رہا ہے "۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد سے جلد پروٹوکول کے مطابق ویکسین لیں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔ مسٹر کووند نے کہا کہ وبا کی شدت میں کمی آئی ہے لیکن کورونا وائرس کا اثر ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔ ہمیں ابھی اس سال وبائی امراض کی دوسری لہر کے تباہ کن اثرات سے صحت یاب ہونا باقی ہیں۔انہوں نے کہا ، گزشتہ سال تمام لوگوں کی غیر معمولی کوششوں سے ہم انفیکشن کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ۔