نئی دہلی//این آئی اے کی خصوصی عدالت ، پٹیالہ ہاوس ، نئی دہلی نے ایک پاکستانی جنگجو کو 7سال کی سزا سنائی ۔یہ مقدمہ لشکر طیبہ کے ایک پاکستانی جنگجو محمد عامر کی گرفتاری سے متعلق ہے ، جس نے 3 دیگر افراد کے ساتھ غیر قانونی طور پر ہتھیاروں ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان کے ساتھ پاکستان میں مقیم ان کے ہینڈلرز کی ہدایات پر بھارت کے مختلف مقامات پر دہشت گردانہ حملے کرنے کی غرض سے پاکستان سے بھارتی سرزمین میں دراندازی کی تھی۔اسے 24نومبر 2017کو ماگام ، ہندوارہ سے گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی 21نومبر 2017کو جھڑپ کے دوران نوگام سیکٹر میں مارے گئے تھے۔تفتیش مکمل ہونے کے بعد این آئی اے نے 18 مئی 2018 کو ملزم محمد عامرعرف ابو حماس ولد محمد ریاض بلدیہ ٹان ، کراچی پاکستان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی تھی۔این آئی اے کی تحقیقات کے دوران ریکارڈ پر لائے گئے شواہد پر غور کرنے کے بعد خصوصی عدالت ، پٹیالہ ہاس نئی دہلی نے ملزم محمد عامر ابو حماس کو6اپریل 2021کو مجرم قرار دیا تھا جمعہ کو ، این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ملزم محمد کو سزا سنائی۔ عامر کو 7 مختلف جرائم کی سزا دی گئی جن میں سے ہر ایک کو دو سے سات سال تک کی قید اور جرمانے کی سزا دی گئی۔