عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا کے ڈیہرا میں ایک اور کشمیری شال بیچنے والے کو ہراساں کرنے کے ایک اور افسوسناک واقعے میں بے رحمی سے پیٹاگیا،اسے فریکچر اور متعدد چوٹیں آئی ہیں اور وہ ہماچل پردیش کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ ہماچل پردیش میں اس سال یہ 16واں معاملہ ہے جس میں کشمیری شال بیچنے والوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔شال فروش جہانگیر احمد کو دھمکی دی گئی اور ریاست چھوڑنے کے لیے کہا گیا، اس کی شالیں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، اس کے سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی، اور جب اس نے واقعہ ریکارڈ کرنے کی کوشش کی تو اس کے موبائل فون کو توڑ دیا گیا۔ وہ پچھلے 15 سالوں سے اس علاقے میں شالیں بیچ رہا ہے اور کوئی نیا نہیں ہے۔ اس کے باوجود اس کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کو کہا گیا۔ انہیں یہ تنبیہ بھی کی گئی کہ کشمیریوں کو وہاں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پچھلے تین روز میں یہ دوسرا ایساواقعہ ہے۔پہلے واقعہ میں کپوارہ کے ایک شال فروش کو بجرنگ دل کے کارکنوں نے اترا کھنڈ میں مارا پیٹا۔اس کیس میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا اور انکے خلاف کیس درج کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ہماقچل میں پیش آئے واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وادی کے ان گھرانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جن کے عزیز و اقارب ہماچل کے مختلف علاقوں میں کام کررہے ہیں۔جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ وہ حکام کو قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ملوث دائیں بازو کے عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دے کر فوری اور فیصلہ کن کارروائی کریں۔ اس طرح کے رویے کو غیر چیک نہیں کیا جانا چاہئے،سخت کارروائی سے ایک مضبوط پیغام جائے گا کہ ترقی پسند اور جامع معاشرے میں فرقہ وارانہ تعصب کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ پر زور دیا گیاکہ وہ کشمیری تاجروں کے خلاف دہشت گردی کے اس بڑھتے ہوئے راج کو ختم کریں اور ذمہ داروں کی فوری شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنائیں۔وزیر اعلیٰ سے کہا گیا کہ کشمیری ہندوستان میں باہر کے لوگ نہیں ہیں، بلکہ مساوی شہری ہیں اور اس ملک کا اٹوٹ حصہ ہیں، جو آئین کے تحت کسی بھی دوسرے ہندوستانی کی طرح حقوق، آزادیوں اور تحفظات کے حقدار ہیں۔ بے گناہ کشمیری تاجروں کو نشانہ بنانا اور انہیں شہروں سے زبردستی نکالنا صرف بیگانگی اور بداعتمادی کو مزید گہرا کرتا ہے اور بھارت کے تصور کو نقصان پہنچاتا ہے۔ان سے مزید کہا گیا ہے فرقہ وارانہ منافرت کو بے قابو نہیں ہونے دیا جانا چاہیے۔ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور اس بات کی تصدیق کرنے کے لیے سخت اور مثالی کارروائی ضروری ہے کہ ایک ترقی پسند، جامع اور جمہوری معاشرے میں دھمکی، تشدد اور امتیازی سلوک کی کوئی جگہ نہیں ہے۔