ہمالین ایجوکیشن مشن کے مجلہ ’دبستانِ ہمالیہ ‘کی رسم رونمائی

پونچھ//ہمالین ایجوکیشن مشن کیمپس کے تہذیبی ، ثقافتی، علمی، ادبی تعلیمی اور تعمیری مجلہ دبستان ِ ہمالیہ کی رسم اجرائی ڈگری کالج پونچھ میں پرنسپل سید مسرف حسین شاہ کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی ۔اس موقع پرمجلہ کے ایڈیٹرطارق علی میر،عمر فرحت،مفتی ریاض احمد ڈار ودیگر مہمانان موجود تھے، ان تمام کے علاوہ بھی اردو کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور اس رسالہ کی پذیرائی کے ساتھ ہی ساتھ رسالہ کے اڈیٹر کو مبارک باد پیش کیا۔پرنسپل ڈگر کالج پونچھ نے اس دوران ہمالین ایجوکیشن مشن کیمپس کے بانی فاروق مضطر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خطہ پیر پنچال میں تہذیبی ، ثقافتی، علمی، ادبی تعلیمی اور تعمیری مجلہ دبستان ِ ہمالہ کی شروعات کر کے ایک اور کارنامہ انجام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دوسرا مجلہ جس کی رسم رونمائی انجام دی گئی ہے اس کو سرسید احمد خان اوروحید الدین خان کے ناموں سے منسوب کیا گیا ہے جو اپنے اپنے عہد میں اپنی اپنی ترجیحات کے ساتھ اپنے اپنے انداز سے تخلیقی مفکرین کی حیثیت سے بہت بڑے کام انجام دیئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان دونوں شخصیات کے بارے میں جاننے کے لئے اس مجلہ کو سبھی کو ضرور پڑھنا چاہئے۔انھوں نے بھی طلبہ اور اردو داں طبقہ کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی زبان کو نہ صرف سپورٹ کریں بلکہ کتابیں خرید کر اردو کو مالی طور سے بھی مضبوط کرلیںانھوں نے کہا کہ مجلہ کا پہلا شمارہ اکثر ادیبوں اور صحافیوں نے پسند کیا ہے اور انھیں یقین ہے کے دوسرے مجلہ کو بھی پسند کیا جائے گا ۔