عازم جان
بانڈی پورہ// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز زور دے کر کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور نہ ہی اقتدار کے لیے “اپنے ضمیر کو بیچے گی”،۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریے اور عوام سے وابستگی کو بدلتے ہوئے سیاسی مساوات سے قطع نظر نہیں کیا جا سکتا۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور شیو سینا(یو بی ٹی)کے ارکان پارلیمنٹ کے بعض مسائل پر این ڈی اے کی حمایت کرنے کے سوال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمر نے کہا کہ کوئی پیشکش یا سیاسی انتظام نیشنل کانفرنس کو اپنی بنیادی اقدار کو ترک کرنے پر آمادہ نہیں کرسکتا۔
عمر نے کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے اپنے دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا، “اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہمیں کیا پیشکش کی گئی ہے یا کون این ڈی اے کی حمایت کا انتخاب کرتا ہے، نیشنل کانفرنس اپنے اخلاق اور اقدار کو نہیں بیچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ ترقیاتی فوائد معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔چیف منسٹر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس کے سیاسی فیصلے سیاسی مصلحت کے بجائے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اس کے نظریہ اور وابستگی کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہا”ہمارے اپنے اصول اور سیاسی وراثت ہے، ہم بدلتے ہوئے سیاسی مساوات سے قطع نظر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے،” ۔عمر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ این سی اقتدار یا سیاسی فائدے کے لیے اپنی اقدار سے سمجھوتہ نہیں کرے گی۔