وشاکھاپٹنم؍ آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ٹوئنٹی -20 میچ میں آخری گیند پر شکست کے بعد ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ ٹیم کی بلے بازی میں کچھ کمی رہ گئی اور ہندستان اس میچ کو نہیں جیت سکا۔قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا نے یہاں کھیلے گئے ٹوئنٹی -20 سیریز کے پہلے مقابلے میں ہندستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی ہے ۔میچ کے بعد ہندستانی کپتان نے کہاکہ وکٹ 15 ویں اوور تک بہت اچھا تھا لیکن ہم موقع کا فائدہ نہیں اٹھا پائے اور ہم نے خراب بلے بازی کی۔ ٹوئنٹي -20 کرکٹ میں کم ا سکور والے میچ میں آپ کے پاس حاصل کرنے کے لئے زیادہ کچھ نہیں رہتا۔وراٹ نے گیند بازوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گیند بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہمیں آخر تک میچ میں برقرار رکھا۔ بمراہ نے شاندار بولنگ کی اور کم اسکور کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ مارکنڈے نے درمیانی اوورز میں شاندار گیند بازی کی۔انہوں نے کہاکہ ہم راہل اور پنت کو اور وقت دینا چاہتے ہیں تاکہ ہمیں پتہ رہے کہ ہمیں ورلڈ کپ میں کیا کرنے کی ضرورت ہے ۔ لوکیش راہل کی تعریف کرتے ہوئے کپتان نے کہاکہ انہوں نے بہترین بلے بازی کی اور ہم نے ساتھ میں ایک بہترین شراکت بھی کی۔ اس پچ کے مطابق 150 کا ہدف کافی اچھا ہوتا اور ہم میچ میں بہت کچھ کر سکتے تھے ۔ آسٹریلیا نے ہم سے اچھا کھیلا اور وہ اس جیت کے مستحق تھے ۔ واضح رہے کہ یارکرمین جسپریت بمراہ نے 19 ویں اوور میں دو وکٹ لے کر ہندوستان کے لئے غیر متوقع جیت کی امید پیدا کردی تھی لیکن امیش یادو کے اننگز کے آخری اوور میں آسٹریلیا نے 14 رن حاصل کرکے ہندوستان کے ہاتھوں سے اتوار کے روز پہلے ٹوئنٹی- 20 میچ میں جیت چھین کر دو میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان نے سات وکٹ پر 126 رن بنائے جبکہ آسٹریلیا نے 20 اوور میں سات وکٹ پر 127 رن بنا کر ہندوستانی شائقین کو مایوس کر دیا۔ آسٹریلیا نے تین وکٹوں سے یہ میچ جیت لیا۔ جون 2016 کے بعد سے یہ پہلی بار ہے جب ہندوستان نے مسلسل دو ٹوئنٹی -20 میچ گنوائے ہیں۔ ہندوستان کی اپنی سر زمین پر گزشتہ آٹھ ٹوئنٹی ۔20 مقابلوں میں یہ پہلی شکست ہے ۔