بنگلور//آئی پی ایل کے 12 ویں سیزن میں کئی یادگار مقابلے کھیلنے کے باوجود رائل چیلنجرز بنگلور آخری مقام پر رہ کر سب سے پہلے پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی، لیکن رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی کا خیال ہے کہ یہ سیزن ان کی ٹیم کے لیے اتنا خراب بھی نہیں رہا ہے ۔آئی پی ایل -12 کے اپنے آخری میچ میں ہفتہ کو بنگلور نے سن رائزرس حیدرآبادکے خلاف چار وکٹ سے جیت درج کی اور گھریلو میدان سے فاتحانہ الوداعی لے لی۔ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز وراٹ کے علاوہ اے بی ڈی ولیرس نے بھی کمال کا مظاہرہ کیا اور بنگلور نے کئی بڑے اسکور والے مقابلے کھیلے ۔ اگرچہ ان کے نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے ۔وراٹ نے میچ کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم کا سفر بڑا عجیب رہا لیکن کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے احترام دلایا۔انہوں نے کہاکہ ہم اس طرح سے سیزن کا اختتام نہیں کر سکے جیسا کرنا چاہتے تھے ۔