ڈوڈہ //آل پارٹیز ہل ڈیولپمنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے ایک اہم اجلاس شیخ عبدالرحمن کی زیر قیادت منعقد ہوا ۔اس اجلاس کی صدارت حاجی عبدالقیوم زرگر نے کی ۔ اجلاس میں ضلع ڈوڈہ کے مختلف علاقہ جات سے پنچایتی نمائندگان ، سماجی و سیاسی کارکنان ، وکلاء حضرات و دیگر کئی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی جن میں سرکردہ سماجی ورکر سجاد کھوکھر، محمد صدیق، چناب سٹیزن فورم کے محبوب احمد ، ایڈووکیٹ سید عاصم ہاشمی ، سرپنچ بشیر احمد، جموں وکشمیر سرپنچ فورم کے صدر ،چند رکانت و دیگران قابل ذکر ہیں ۔اس موقعہ پر مقررین نے پرانے ضلع ڈوڈہ (ڈوڈہ ، رام بن اور کشتواڑ )کیلئے پہاڑی ترقیاتی کونسل کے قیام کا معاملہ زیر بحث لاتے ہوئے اس کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی حکومت کے دور میں ایک مرتبہ اس حوالے سے بل کو منظوری بھی ملی لیکن ابھی تک اس کو عملایانہیں گیا۔ ان کاکہناتھاکہ پہلے خطہ چناب کا سابق ضلع ڈوڈہ لگ بھگ ایک ہزار مربع کلو میٹر پر محیط تھا اور اب چونکہ ریاسی اور اودھمپور کے کچھ علاقہ جات بھی کو بھی اس شامل کیاگیاہے تو یہ اس کا مجموعی رقبہ ساڑھے تیرہ ہزار مربع کلو میٹر بنتاہے جو کہ جموں و کشمیر کے کسی بھی دیگر اضلاع میں نہیں ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں کی قیادت خطہ چناب اور پیر پنچال کو اپنے ساتھ تو گردانتی ہے لیکن جب تعمیر وترقی کی بات آتی ہے کہ اس خطے کے ساتھ امتیازی سلوک اختیار کیاجاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں خطے اسی وجہ سے پسماندگی کاشکار ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ خطہ میں واقع پاور پروجیکٹوں سے بڑے پیمانے پر بجلی تو پیدا کی جارہی ہے اور ساتھ ہی دیگر وسائل کا استعمال بھی کیاجارہاہے لیکن بدلے میں اسے کچھ نہیں ملتا اور انتہائی درجہ کی ناانصافی کی جارہی ہے ۔اجلاس میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ تمام تر حقائق کو ریاستی گورنر کو روانہ کرکے ان سے خطے کیلئے پہاڑی ترقیاتی کونسل کے درجے کی مانگ کی جائے گی تاکہ اس خطے کے لوگوں کے مسائل بھی حل ہوسکیں ۔ آخر پر ایڈووکیٹ سید عاصم ہاشمی نے سبھی شرکاء کا شکریہ اد اکرتے ہوئے تمام لوگوں سے متحد ہوکر اس پلیٹ فارم پر آنے کی اپیل کی ۔