نئی دہلی//177کروڑ کے بینک فراڈ کیس میں سی بی آئی نے سابق وزیرعبدالرحیم راتھرکے فرزند ہلال راتھر کیخلاف مجازعدالت میں چالان پیش کیا۔ جموں میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کئے گئے چالان میں جموں کشمیر بینک کے اُس وقت کے یونیورسٹی کیمپس برانچ سربراہ اقبال سنگھ اورارن کمار کانام بھی ملزموں میں شامل ہے۔ کیس کی تحقیقات قبل اس کے یونین ٹیرٹری کااینٹی کورپشن بیورو کررہا تھا اور جموں کشمیرحکومت کی استدعا پر سی بی آئی نے4مارچ کو اس کیس کاایف آئی آر،درج کیا۔سی بی آئی نے الزام لگایا ہے کہ ہلال راتھر نے ایک مجرمانہ سازش کے تحت بینک حکام کے ساتھ ملکر177.68کروڑ کاقرضہ قواعدوضوابط کے برعکس حاصل کیا۔سی بی آئی ترجمان کے مطابق قرضہ جوفلیٹوں کی تعمیر کے نام پرحاصل کیا گیا تھا،کومبینہ طور ملزموں نے اپنے ملازمین کے کھاتوں میں منتقل کرکے غلط طور استعمال کیا۔اس میں یہ بھی الزام لگایاگیا کہ ملزموں نے جعلی اسناداور بلیں بینک کو پیش کیں۔سی بی آئی نے بینک حکام کی غلط کاریوں کاخلاصہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اسناد کی جانچ نہیں کی اور ہلال راتھر کوقرضہ حاصل کرنے میں مدد کی ۔ترجمان نے مزید کہا کہ کیس کی مزیدتحقیقات جاری ہے۔