بانہال//محکمہ کوآپریٹو کی طرف سے کوآپریٹو ہفتہ منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں کوآپریٹو مارکیٹنگ سوسائٹی بانہال نے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت سابقہ ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو حاجی غلام محی الدین وانی نے کی جبکہ اس موقع پر کوآپریٹو تحریک کے ساتھ وابستہ لوگوں اور سوسائٹیوں کے زمہ داروں نے شرکت کی ۔68 ویں کوآپریٹو ہفتہ کی تھیم”امداد باہمی کے زریعے خوشحالی“رکھی گئی تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور ریٹائرڈ ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو حاجی غلام محی الدین وانی نے وہاں موجود لوگوں سے خطاب میں محکمہ کوآپریٹو کو از سر نو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ زمینداروں ، کسانوں اور عام لوگوں سے براہ راست جڑا ہوا محکمہ تھا لیکن اب یہ محکمہ بہت محدود اور برائے نام ہوکر رہ گیا یے۔ انہوں نے کہا کوآپریٹو سیکٹر ملک کے مختلف حصوں میں بہت کامیابی کے ساتھ کام کر رہا ہے لیکن جموں و کشمیر میں اب کوآپریٹو سیکٹر زوال پزیر ہے اور کی اولین ترجیحات میں بحالی ناگزیر بن گئی ہے۔ تقریب کے دوران کوآپریٹو مارکیٹنگ سوسائٹی لمیٹڈ بانہال کے ہیڈ کوارٹر پر امداد باہمی کا پرچم بھی لہرایا گیا اور۔کئی دیگر علاقوں میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر سابقہ کوآپریٹو عہدیدار علی محمد ملک نے ہفتہ کوآپریٹو کے کامیاب آغاز کیلئے جرنل منیجر کوآپریٹو مارکیٹنگ سوسائٹی بانہال محمد اختر وانی اور یہاں شمولیت کرنے والے سوسائٹی کے عہدیداروں، ممبران اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور بانہال میں محکمہ کوآپریٹو اور کواپریٹیو مارکیٹنگ اور دیگر ملٹی پرپز سوسائٹیوں کی طرف سے کئے جارہے کام کی سراہنا کی ۔
ہفتہ کوآپریٹو کے سلسلے میں بانہال میں تقاریب کا انعقاد
