ہری ونش راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین منتخب

نئی دہلی//قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے امیدوار ہری ونش کو آج راجیہ سبھا کا ڈپٹی چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ ان کے حق میں 125 ووٹ پڑے جبکہ مخالفت میں 105 ارکان نے ووٹ دیا۔ مسٹر ہری ونش کے خلاف اپوزیشن نے کانگریس کے بی کے ہری پرساد کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ اپوزیشن کے کچھ رکن ووٹنگ کے دوران ایوان میں موجود نہیں تھے ۔راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے ضروری کاغذات میزپر رکھوانے کے فوراً بعد ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کی کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے لئے نو نوٹس ملے اور متعلقہ ارکان سے اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں تجویز پیش کرنے کو کہا۔ مسٹر ہری ونش کے حق میں چار اور مسٹر ہری پرساد کے حق میں پانچ تجویز پیش کئے گئے ۔سب سے پہلے جنتا دل یو کے رام چندر پرساد سنگھ نے مسٹر ہری ونش کے حق میں تجویز پیش کی اور ریپبلکن پارٹی (A) کے رکن اور مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے نے اس کی حمایت کی۔اس کے بعد بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندر مشرا نے مسٹر ہری پرساد کے نام کی تجویز پیش کی اور کانگریس کے وویک تنکھا نے حمایت کی۔راشٹریہ جنتا دل کی میسا بھارتی نے مسٹر ہری پرساد کے حق میں تجویز پیش کی جس کی تیلگو دیشم پارٹی کے وائی ایس چودھری نے حمایت کی۔