سرینگر//گزشتہ سال 5 اگست کو جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمہ کے بعد مسلسل نظر بند جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ ہری نواس سب جیل میں 50سال کے ہوگئے ہیں۔آج انکا 50واں جنم دن تھا۔ ۔ اپنی والدہ کی خواہش کے برعکس لیکن اپنے خاندانی روایات کے عین مطابق عمر عبداللہ نے سال1998 میں اپنی سیاسی زندگی کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ وہ سرینگر پارلیمانی حلقے سے لگاتار 3بار لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔وہ این ڈی اے حکومت کے دوران 23 جولائی 2001 سے 23 دسمبر 2002 تک مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور وزیر مملکت برائے کامرس کے عہدوں پر براجمان رہے۔سیاسی کیرئر کے روز اول سے ہی عمر عبداللہ کی اپنے بیانات اور تقاریر کے باعث سیاسی حلقوں میں طوطی بولنے لگی اور لوگ انہیں اپنے والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی نسبت سنجیدگی سے لینے لگے۔سیاسی میدان میں کئی نشیب وفراز دیکھنے کے بعد عمر عبداللہ 2009 میں جموں کشمیر کے عمر کے لحاظ سے سب سے چھوٹے وزیر اعلیٰ بن گئے۔۔عمر عبداللہ نے سیاسی زندگی کے آغاز سے قبل سال 1994 میں ایک فوجی افسر کی صاحبزادی پائل عبداللہ سے شادی کرکے اپنی ازدواجی زندگی شروع کی۔دونوں کے ہاں دو بیٹے ہیں لیکن شادی بعد ازاں دونوں میں علیحدگی ہوئی۔عمر عبداللہ کی چھ ماہ کی اسیری کی مدت ختم ہونے کے بعد ان پر سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا ہے ۔