یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس ہریانہ اسمبلی انتخابات میں کراری شکست کے صدمے سے نکل نہیں پارہی ہے، اسلئے انتخابی نتائج کے اعلان کے ایک دن بعد اس کے سرکردہ رہنمائوں شکست کی وجوہات جاننے کے لئے جمعرات کو گہرائی سے غوروخوض کے لئے اجلاس منعقد کیا۔کانگریس کے خزانچی اور میٹنگ میں موجود پارٹی کے سینئر لیڈر اجے ماکن نے میٹنگ کے بعد یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ تمام لیڈروں نے گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ اس میٹنگ میں کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، پارٹی کے جنرل سکریٹری تنظیم کے سی وینوگوپال، پارٹی کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت، پارٹی کے ہریانہ انچارج دیپک بابریا اور ہریانہ کے لئے پارٹی کے سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ ماکن نے کہا’’ہر کوئی جانتا ہے کہ ہریانہ کے انتخابات کے نتائج غیر متوقع تھے۔ ایگزٹ پولز اور الیکشن کے نتائج میں بہت فرق تھا۔ ہم نے انتخابی نتائج سے متعلق مختلف وجوہات پر بات کی ہے، جس پر ہم مزید کارروائی کریں گے۔ انتخابات میں بے ضابطگیوں پر بھی بات چیت ہوئی‘‘۔