مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ہرنی تا بھمبر گلی 22کلو میٹر لمبی سڑک حکام کی مبینہ لاپراہی کی وجہ سے اب کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں و مسافروں نے بتایا کہ محکمہ گریف کے زیر تحت تعمیر کی گئی سڑک پر گزشتہ کئی عرصہ سے تارکول ہی نہیں بچھائی جاسکی جس کی وجہ سے اب سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کے کھڈوں میں جمع پانی کھیتوں و تالاب کی عکاسی کرتا ہے جبکہ محکمہ سے متعدد مرتبہ رجوع کرنے کے باو جود بھی اس کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کئی ماہ سے سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے پاس جانے کا بہانہ بنا رہا ہے لیکن کوئی بھی محکمہ اس کے کھڈوں پر بھرنے کا کام بھی نہیں کررہا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں انکائو نٹر کے دوران جموں پونچھ شاہراہ کو بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی بند کردیا گیا تھا جبکہ ایک بڑی تعداد میں ٹرانسپورٹروں کی جانب سے ہرنی تا بھمبر گلی سڑک کو متبادل کے طور پر استعمال کیاجارہا تھا لیکن کھڈوں میں وجہ سے مسافروں کو کافی مشکلا ت درپیش رہی ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑک پر ایک مرتبہ تار کول بچھائی گئی تھی لیکن اس کے بعد اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیاہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی مرمت کر کے اس کو قابل آمد ورفت بنایا جائے ۔
ہرنی ۔بھمبر گلی 22کلو میٹر سڑک کھڈوں میں تبدیل
