مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی ہرنی تا بی جی تیرہ کلومیٹر سڑک کی خستہ حالت ہے۔سڑک پر بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس پر گاڑیوں کا چلنا نہایت ہی مشکل ہے ۔علاقہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ و ریاستی گورنرر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیس سال قبل ہرنی بی جی سڑک کا کام شروع ہواتھا جسکو زمینی سطح کا کام مکمل کرنے کے بعد بجری وغیرہ بھی ڈالی گئی جس کے بعد کچھ حصہ بلیک ٹاپ بھی کیا گیا لیکن سڑک پوری طرح مکمل نہیں کی گئی اور جو حصہ بلیک ٹاپ کیا گیا تھا اس میں بھی بڑے بڑے کھڈے پڑ گئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر بڑی تعداد میں گاڑیاں چلتی ہیں کیوں کہ تین بڑی آبادی والی پنچائتوں کے بیچ سے یہ سڑک گزرتی ہے اور جموں جانے والی بھی کئی گاڑیاں اسی راستہ سے جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر بیس سال سے پلیاں بھی مکمل نہیں کی گئی جسکی کی انکوائری ہونی چاہئے۔ انکا کہنا تھا کہ سڑک کے کنارے نالیاں بھی نہیں بنائی گئی جسکی وجہ سے سڑک بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے گورنرر انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس سڑک پر ایک ویجی لینس ٹیم بھیجی جائے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ محکمہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اس سلسلہ میں جب ا یگزیکٹیو انجینئر پونچھ سے بات ہوئی تو انکا کہنا تھا کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے سڑک پر دوبارہ بلیک ٹاپ نہیں کرپائے البتہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنایا جائے گا اور موسم ٹھیک ہونے کے بعد بلیک ٹاپ بھی کیا جائے گا۔
ہرنی تا بی جی سڑک کی حالت خستہ ،عبور و مرور محال
