جموں //لکھنپور میں پولیس نے ہتھیار سمگل کرنے کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے حزب المجاہدین سے تعلق رکھنے والے دو بالائی ورکروں کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیاہے ۔ایس ایس پی کٹھوعہ شری دھر پاٹل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ٹرک زیر نمبر JK13B-2321کو روک اس میں سوار نثار احمد اور ڈرائیور عاقب ساکنان چرسو اونتی پورہ ضلع پلوامہ کی تلاشی لی جس دوران ان کی تحویل سے 71ہزار روپے برآمد ہوئے ۔ ایس ایس پی کے مطابق پولیس کو یہ اطلاع ملی ہے کہ حزب المجاہدین سے تعلق رکھنے والے سرگرم جنگجوئوں کا ایک گروپ ہتھیاروں کی خریداری کیلئے کام کررہاہے اور یہ دونوں افراد بھی حزب سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں بھی ہتھیار سمگل کرنے اور انہیں پھر جنگجوئوں تک پہنچانے کا کام سونپاگیاتھا۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایف آئی آرزیر نمبر 03/2019زیر دفعات 120-B/RPC, 7/27آرمز ایکٹ کاکیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ایس ایس پی کے مطابق پولیس کی تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور آئندہ دنوں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں ۔