ہائی کورٹ جموں کے زیراہتمام تعزیتی اجلاس

 جموں// جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ جموں نے شام سُندر آنند لہر کے انتقال پر یہاں ایک تعزیتی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ تعزیتی میٹنگ میں ریاستی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا مِتل، جسٹس تاشی ربستن، جسٹس سنجے کمار گپتا، جسٹس سدھو شرما، کئی جوڈیشل افسران، بار ممبران اور سنیئر وکلاء نے شرکت کی۔چیف جسٹس نے اس موقعہ پر ایس ایس لہر کی جانب سے ادبی اور قانون کے میدان میں انجام دی گئی خدمات کو یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ آنجہانی نے ریاستی آئین کا اُردو زبان میں ترجمہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس لہر کے انتقال سے نہ صرف اُردو برادری بلکہ سماج کو بھی صدمہ پہنچا ہے۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ انہوں نے آنجہانی کے ساتھ کام تو نہیں کیا ہے لیکن ایس ایس لہر کی شرافت، انسان دوستی، قابلیت کافی مشہور ہے۔چیف جسٹس نے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دُعا کی۔ انہوں نے آنجہانی کے کنبہ کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔سنیئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ایس ایس نندہ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ا یشن جموں کے صدر بی اے سلاتھیہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر آنجہانی کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔