سرینگر//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کا ایک غیر معمولی اجلاس ورچوئل موڈ میں ایڈوکیٹ منظور احمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیداروں سے کہا گیا کہ وہ کاغذات نامزدگی کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرسکتے ہیں۔بار ایسوسی ایشن کے صدر اور نائب صدرعہدوں کیلئے انتخاب لڑنے کے خواہشمند کسی بھی ممبر کو بار میں 15 سال سے کم مدت نہیں ہونی چاہئے جبکہ سیکرٹری کے عہدے کیلئے بار میں10سال ،جوائنٹ سیکرٹری اور خزانچی عہدوں کیلئے بار میں 2سال کی ممبر شپ ہونی لازمی ہے۔کسی بھی عہدے کے لئے انتخاب لڑنے کے خواہشمند اہل ممبر آخری انتخابی فہرست فہرست کی کاپی کے ساتھ فارم حاصل کرسکتے ہیں۔کاغذات نامزدگی کے فارم حاصل کرنے کیلئے صدر کورٹ مومن آباد بٹہ مالو میں دفتری اوقات یعنی صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک الیکشن کمیشن کے دفتر سے 19ستمبر سے21ستمبر تک حاصل کئے جاسکتے ہیںجبکہ فارم 22اور 23ستمبر شام 4بجے تک داخل کئے جاسکتے ہیں ۔24ستمبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی اور فارم واپس لینے کی تاریخ 24ستمبر رکھی گئی ہے جبکہ 28ستمبر سوموار کو صبح 9بجے سے شام4بجے تک ووٹنگ ہوگی اور ووٹنگ کا عمل ختم ہوتے ہی نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ الیکشن کے حوالے سے مزید تفصیلات کیلئے صدر کورٹ مومن آباد بٹہ مالو میں الیکشن کمیشن کے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔اس کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ساتھ ٹیلیفون نمبرات 9419073371/7006690854پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔