سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی نے ہائی وے پر ٹول پوسٹوں پرمقامی لوگوں کو مبینہ طورلوٹنے پرانتظامیہ کی شدیدتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کاخون چوساجاریا ہے۔پارٹی کے سینئررہنماشیبان عشائی نے ایک بیان میں کہا کہ مقامی لوگوں سے ہائی وے پر سفر کرنے کیلئے زیادہ رقم وصول کی جارہی ہے جو لیفٹینٹ گورنرانتظامیہ کی عام شہریوں کولوٹنے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ370اور35Aکی منسوخی کے بعد اور کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے لاکھوں کشمیری بے روزگار ہوگئے ہیں اوراب ٹول پوسٹوں پرشہریوں کاخون چوسنا بھاجپا کا نیاطریقہ ہے تاکہ لوگوں کی جیبوں میں بچے کھچے پیسے کو بھی نکالاجائے۔عشائی نے لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مقامی لوگوں سے ہائی وے پرٹول کی شرح پرنظرثانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اونتی پورہ ٹول پوسٹ پریکطرفہ180روپے چارج کرناکسی طور مقامی شہریوں کیلئے قبول نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہائی ویز اورایکسپریس ویز نہ صرف حکومت کے منظور نظروں کیلئے ہوتی ہیں بلکہ سخت محنت کرنے والے عام لوگوں کیلئے بھی ۔انہوں نے کہا کہ جب افراط زرکی شرح پہلے ہی زیادہ ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں ،عوام کش اقدامات عام ہوگئے ہیں۔