ہائی سکول گرن برسوں سے درجہ بڑھانے کا منتظر

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں کے لمبیڑی علا قہ میں قائم کر دہ گور نمنٹ ہائی سکول گرن کا درجہ گزشتہ کئی برسوں سے بڑھایا نہ جا سکا جس کی وجہ سے 7 پنچایتوں کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں نے محکمہ ایجوکیشن اور جموں وکشمیر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی برسوں سے ہائی سکول کا درجہ بڑھا کر ہائر سکینڈری بنانے کا مطالبہ کیاجارہا ہے لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ سالانہ درجنوں بچوں بالخصوص لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم متاثر ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہائر سکینڈری سکول میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے مذکورہ پنچایتوں کے بچوں کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کرنا پڑتی ہے جس کے دوران ان کو کئی دیگر مسائل کاشکار بھی ہونا پڑتا ہے ۔لمبیڑی بلاک کی پنچایت گرن میں قائم کردہ مذکورہ ہائی سکول میں اس وقت 6سو سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ گرن کے علاو ہ سکول میں پنار لمبیڑی اپر ،پتیرا ،کھڑک،ناریاں ،بگنوٹی ،ڈونڈسیر و دیگر ملحقہ علاقوں کے بچے زیر تعلیم ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ ان پنچایتوں کی مجموعی آبادی 24ہزار کے قریب ہے جبکہ ہائر سکینڈری سکول کی عدم دستیابی کی وجہ سے بچوں کو مزید تعلیم کیلئے 35کلو میٹر دور لمبیڑی اور نوشہرہ آنا پڑتا ہے جبکہ اس دوران ان کو گاڑیوں کی معیاری سہولیات بھی دستیاب نہیں ہو تی ۔مکینوں نے بتایا کہ 2000میں سکول کا درجہ بڑھا کر ہائی سکول کیاگیا تھا جس کے بعد عوام کی جانب سے مسلسل ہائی سکول کا درجہ بڑھا کر ہائر سکینڈری کرنے کی مانگ کی جارہی ہے ۔عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہائی سکول کا درجہ بڑھا یا جائے تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم حاصل ہو سکے ۔ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ 2014میں سکول کا درجہ بڑھانے کیلئے ایک سفارش نامہ چیف ایجوکیشن راجوری کی جانب سے ڈائر یکٹر آفس منتقل کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد کوئی عملی کارروائی نہیں ہوئی ۔