ہائی سکول ڈھرانہ کو پانی کا کنکشن مل نہ سکا | زیر تعلیم بچوں کی کثیر تعداد گھروں سے پانی لانے پر مجبور

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ڈھرانہ علاقہ میں قائم کردہ گور نمنٹ ہائی سکول ڈھرانہ میں پینے کے صاف پانی کا کوئی کنکشن فراہم ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے جہاں بچوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے وہائیں سکول میں تعمیر کردہ ٹائلٹ کمپلیکس بھی بند پڑا ہوا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہائی سکول میں سینکڑوں کی تعداد میں بچے زیر تعلیم ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے پانی کا سکول میں ابھی تک کوئی کنکشن ہی نہیں دیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ حد تک پاپئیں بھی بچھائی گئی ہیں لیکن محکمہ جل شکتی کی لاپرواہی کی وجہ سے بچے سکول کے ارد گرد کے گھروں میں پانی کیلئے رخ کرتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں بھی پانی کی قلت پائی جارہی ہے جبکہ کچھ گھروں میں فوج کی جانب سے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔بھاجپا لیڈر سنجیو کمار ،ذوالفقار پٹھان اور چوہدری میر محمد نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس جدید دور میں بھی تعلیمی اداروں میں پانی کی قلت کو پورا نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے تعمیر عمل کیساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں لیکن ضلع انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے سکولوں میں بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔والدین و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاہ ڈھرانہ ہائی سکول میں پینے کے صاف پانی کی قلت کو جلدازجلد دور کیا جائے ۔