سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کل راجباغ میں دریائے جہلم کے کنارے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے دربار کا انعقاد کیا۔لوگوں کے مطالبات پورا کرنے کی ایک کڑی کے طور پر ضلع انتظامیہ نے ہائوس بوٹ مالکان کی شکایتوں کا ازالہ کرنے کی پہل کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ دریائے جہلم کی عظمت رفتہ کی بحالی اوراس تاریخی دریا کو جاذب نظر بنانے کے لئے انتظامیہ نے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے۔جس کے تحت ہائوس بوٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی۔جب کہ جہلم کے کناروں پر مختلف سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔جسے نہ صرف ہائوس بوٹ مالکان کے مالی وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ جہلم کی خوبصورتی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ ہائوس بوٹ مالکان کے بچوں کو امکانی آفات سے نمٹنے کے لئے تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر اپنا رول نبھا سکیں۔انہوںنے کہا کہ یہ اقدامات ایس ڈی آر ایف کے تحت کئے جائیں گے۔