جموں// اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ایک قابل ذِکر اقدام کے تحت دو سال کی مدت کے لئے ہاؤسنگ سیکٹر میںپہلی بار رئیل اسٹیٹ خریداروں کیلئے پچاس فیصد سٹامپ ڈیوٹی کی کمی کو منظوری دی گئی ۔اِس فیصلے کا مقصد جموں و کشمیر میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو فروغ دینا اور نئے خریداروں کو مارکیٹ میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔ اِس سے جائیداد کی خریداری کو پُرکشش اورسستی بنا کر جائیداد کی فروخت اور رجسٹریشن کو تیز کرنے کی بھی توقع ہے۔اِنتظامی کونسل نے مکانات و شہری ترقی محکمہ سے بھی کہا کہ وہ جلد اَز جلد اِس فیصلے پر عمل درآمد کے لئے طریقۂ کار وضع کرے۔اِنتظامی کونسل میٹنگ میں سوپور ، بارہمولہ اور پر گلٹا اور جموں میں خواتین بٹالین کے تعمیراتی کاموں کو اِنتظامی منظور ی دی ہے۔تعمیراتی کاموں کی تخمینہ لاگت 50 کروڑ روپے سے کی جائے گی اور اِس میں ایڈمنسٹریشن بلاکس، ریذیڈنشل اقامت ، ہوسٹل اور دفتری عمارتیں شامل ہوں گی ۔اِس کا کام تین ورکنگ سیزن میں مکمل کیا جائے گا۔اِس سے قبل حکومت نے خواتین کے خلاف جرائم میں اِضافے کو روکنے کے لئے2014ء میں خواتین اَفسران او راہلکاروں کو مختلف رینک کی بھرتی اَسامیوں کی منظور ی دے کر دو خواتین بٹالین قائم کی تھیں۔اِن اَسامیوںکا بھرتی عمل فی الحال جاری ہے۔
لیفٹنٹ گورنر کی گاڑی کو اُتر پردیش میں حادثہ
کار کو معمولی نقصان،کسی کو چوٹ نہیں آئی
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعہ کو اس وقت محفوظ رہے جب ان کی گاڑی اتر پردیش کے وارانسی میں ایک معمولی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حکام کے مطابق سنہا کی گاڑی سڑک کے کنارے لگے لوہے کے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ وارانسی میں راج گھاٹ پل کے قریب ہونے والے اس حادثے میں گاڑی کے بائیں جانب نقصان پہنچا اور ایک ٹائر پنکچر ہو گیا۔حکام نے کہا کہ سنہا یا ان کے وفد کے کسی رکن کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ لیفٹیننٹ گورنر ،قافلے میں شامل دوسری گاڑی میں اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئے۔سنہا، جموں میں اہم میٹنگوں میں شرکت کے بعد، انتخابی میدان میں اتر پردیش کے سرکاری دورے پر ہیں۔