عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کلر میں منشیات کے استعمال اور اس کے مضر اثرات کے حوالے سے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو نشہ آور اشیاء کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور انہیں صحت مند و باوقار زندگی گزارنے کی ترغیب دینا تھا۔پروگرام میں جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے انچارج پولیس پوسٹ چٹیار انیس چوہدری نے شرکت کی اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لت پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نہ صرف نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہیں بلکہ پورے معاشرے کیلئے خطرہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ منشیات سے مکمل دوری اختیار کریں اور اپنی توجہ تعلیم، کھیل کود اور مثبت سرگرمیوں پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں عوامی بیداری، احتیاط اور سماجی تعاون نہایت ضروری ہے۔اس موقع پر محکمہ صحت کی ریسورس پرسن ریتو شرما نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو سمجھداری سے فیصلے لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ون اسٹاپ سینٹر فار ویمن کی ایڈمنسٹریٹر نیتو شرما نے بھی طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور منشیات کے سماجی و قانونی نتائج پر روشنی ڈالی۔پروگرام کے اختتام پر طلبہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے ساتھیوں اور سماج میں منشیات کے نقصانات کے بارے میں بیداری پھیلائیں تاکہ ایک محفوظ اور نشہ سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔