تھنہ منڈی // 14 نومبر کو بچوں کے قومی دن کے طور پر پورے ہندوستان میں دھوم دھام سے منایا جاتا ہے اسی مناسبت سے درہال پبلک ہائر سیکنڈری سکول درہال ملکاں میں ایک عظیم الشان رنگا رنگ پروگرام پیش کیا گیا جس میں ادارے کے بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔دن کی مناسبت سے بچوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا پروگرام کی صدارت ادارے کے پرنسپل شبیر مرزا نے کی۔ شبیر مرزا نے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ اس دن ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی پیدائش ہوئی تھی چونکہ ان کو بچوں سے بے پناہ پیار تھا اسیلئے انہوں نے اپنے یوم پیدائش کو بچوں کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور یوں ان کے دور سے ہر سال 14 نومبر بطور یوم اطفال کے طور پر پورے ملک میں منایا جاتا ہے ۔اس رنگا رنگ پروگرام میں بچوں نے طرح طرح کے پروگرام پیش کئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا کلچرل پروگرام کے انچارج ندیم بٹ اور انتخاب احمد نے بھی بچوں سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنی تقاریر میں بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا اور مزید کہا کہ موجودہ دور میں بچوں کو صرف تعلیم ہی کی طرف اپنا دھیان رکھنا چاہیے اور سماج کے اندر پروان چڑھنے والی برائیوں سے کنارہ کشی اختیار کرنی چاہیے۔ مقررین نے بچوں سے کہا کہ ہم سب کو مل کر منشیات سے پاک سماج کو فروغ دینا ہو گا اور یہ تب ہی ممکن ہو گا جب ہم لوگ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے اخلاقی قدریں سیکھیں گے۔
ہائر سیکنڈری سکول درہال ملکاں میں یوم اطفال منایا گیا
