مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول گلی کالابن کی عمارت سکول کا درجہ بڑھائے جانے کے بعد سے ابھی تک تعمیر ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم 450سے زائد طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقہ میں کوئی مڈل سکول نہ ہونے کی وجہ سے ہائر سکینڈری سکول میں ہی پہلی جماعت سے 12ویں تک 450بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ سکول میںمحض 1کمرہ موجود ہے جس میں سکول کا ریکارڈ ودیگر ساز و سامان رکھا گیا ہے جبکہ بچوں کو کھلے عام بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا پڑرہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سکول کو تین برس قبل ہائر سکینڈری کا درجہ دیا گیا تھا لیکن ابھی تک سکول میں پورا تدریسی و غیر تدریسی عملہ بھی تعینات نہیں کیا گیا ہے ۔سکول میں ابھی تک لیکچرروں کی 8اسامیاں ٹیچروں کی 6اور غیر تدریسی عملے کی 1درجن سے زائد اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ چھ ماہ سے سکول میں پرنسپل کی آسامی بھی خالی پڑی ہوئی ہے ۔مکینوں نے محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دو کمروں پر بچھائی گئی ٹین کی چادریں بھی اڑ گئی ہیں جبکہ محکمہ و ضلع انتظامیہ کی جانب سے سکول میں بچوں کو معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سکول میں ہائر سکینڈری کے نام پر بچوں کے مستقبل کیساتھ کھیلا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہائر سکینڈری سکول میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کی تعیناتی کیساتھ ساتھ عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ بچوں کو معیاری سہولیات میسر ہو سکیں ۔