کشتواڑ//والدین کو بچوں کی تر بیت میں انتہائی ہوشیاری اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری نے آج کہا کہ جہاں جدید ترین تکنالوجی تعلیمی میدان کا جز لاینفک بن چکا ہے وہیں اس کا استعمال تباہ کن بھی ثابت ہو سکتا ہے ۔ ہائر سکینڈری اسکول بوائز کشتواڑ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کیلئے سب سے پہلا نمونہ اس کے والدین ہوتے ہیں جہاں وہ زیادہ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں اور وہ ہر بات میں والدین کی نقل کرتے ہیں اس لئے اگر والدین کی عادات و اطوار اچھے ہوں گے تو بچے بھی وہی سیکھیں گے اور اگر اس میں کسی قسم کی کوتاہی کی جائے توا س کے سنگین نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔ بچوں کو موبائل فون ، موٹرسائیکل وغیرہ دینے میں احتیاط برتنے کی صلاح دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کی حرکات و سکنات اور ان کی سوسائٹی پر ظر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نئی نسل کو سیدھے راستہ پر چلانے کے لئے مثبت کردار ادا کر رہی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی لیکن اس کیلئے والدین اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کا تعائون از حد ضروری ہے۔ اس موقعہ پر پرنسپل اسکول ہذا پرہلاد بھگت، ڈاکٹر سنجے سین چیف انیمل ہسبنڈری آفیسر اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔