راجوری // راجوری پولیس کی طرف سے ہائر اسکینڈری اسکول ڈونگی سسیال کوٹ میں منشیات مخالف سمینار منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اسکولی بچوں نے شرکت کی ۔ پروگرام کا اہتمام ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایات پر کیا گیا تھاجس کا اہتمام ڈی ایس پی ہیڈکواٹر جسونت سنگھ جن کے ہمراہ چوکی آفیسر چنگس فرید احمد بھی تھے نے کیا ۔ اس موقعہ پر پرنسپل مذکورہ اسکول نرملا کماری تمام اساتذہ کے ہمراہ پروگرام میں موجود رہیں ۔پولیس آفیسران نے منشیات کی تباہ کاریوں سے باخبر کرتے ہوئے طلباء کو بتایا کہ راجوری میں منشیات کے استعمال کی وجہ سے جہاں ایک طرف کئی نوجوانوں کی موت واقع ہوچکی ہے اور کئی قانون کی مار جھیل رہے ہیں جو معاشرے کے لئے ایک ناسوزسے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کااستعمال کرنے والوں کی نہ صرف معاشرے میں کوئی عزت رہتی ہے بلکہ قانون بھی ایسے افراد کی تاک میں رہتا ہے جو وقتا فوقتا ایسے افراد کے خلاف کاروائی بھی انجام دیتا رہتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کا استعمال نوجوانوں کے لئے کسی بھی بڑے تباہی سے کم نہیں ہے اور جو بھی اس لعنت میں ملوث ہوگیا وہ اپنی زندگی کوموت کے حوالے کر دیتا جو بعدمیں ان کے خاندان کے لئے بھی باعث شرمندگی ثابت ہوتا ہے ۔ انہوں نے بچوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ ملک کی تعمیروترقی میں اپنا تعاون دیکر ایک نام کماپائیں ۔ انہوں نے منشیات سے دور رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص یانوجوان منشیات کا عادی ہے یاپھر علاقے میں اس طرح کی حرکات انجام دے رہا ہے تو فورا پولیس کو خبر کی جائے تاکہ بروقت ایسے افراد کے خلاف قانونی کاروائی انجام دی جاسکے ۔