مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت گھانی میں بجلی کا ترسیلی نظام لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کیساتھ آویزاں ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے ابھی تک بجلی کی سپلائی کو معیاری بنانے کیلئے پختہ کھمبے نہیں لگائے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کزشتہ کئی برسوں سے بجلی کا نظام لکڑی کے عارضی کھمبوں کی مدد سے چل رہا ہے جبکہ کئی ایک جگہوں پر مذکورہ کھمبے انتہائی خستہ اور بوسیدہ بھی ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ عارضی کھمبوں کو بھی مقامی لوگوں کی ہی مدد سے تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ عام صارفین سے ماہانہ بل وصول کرنے کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ لوگوں کو بجلی کی معیاری سپلائی فراہم ہی نہیں کررہا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کو معیاری بنانے کیلئے انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیا ہے لیکن ابھی تک محکمہ کی جانب سے سرحدی دیہات میں بجلی سپلائی کیلئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔غور طلب ہے کہ پنچایت کے زیر تحت کئی دیہات میں بجلی کی سپلائی کا نظام عارضی بنیادوں پر چلایا جارہا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین بھی اس علاقہ میں نظام کی بحالی کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ گھانی پنچایت میں بجلی کی سپلائی کو معیاری بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔