گڈ گورننس کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس:تاریگامی

 سری نگر// جموں و کشمیر کے لیے گڈ گورننس انڈیکس جاری کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)رہنما یوسف تاریگامی نے ہفتے کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں گڈ گورننس اور ترقی کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ اچھی حکمرانی کے بنیادی اصولوں میں سے ایک لوگوں کی شرکت اور نمائندگی ہے، ایک ایسا حق جس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مسلسل محروم رکھا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے فہرست جاری کرنے کا مقصد صرف حکومت کی مدد کرنا ہے۔ تاہم، خستہ حال سڑکوں کی زمینی حقیقت، بجلی کی فراہمی، پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ بڑھتی بے روزگاری،سماجی بے چینی متضاد تصویر کی عکاسی کر رہی ہے۔ گڈ گورننس کے لیے احتساب کلیدی ہے جس کے لیے آزادی صحافت، آزادی اظہار کو یقینی بنانا سب سے اہم ہے۔ حکومت کو سب سے پہلے عوام کے ان حقوق کو بحال کرنا چاہیے جو بدقسمتی سے ان سے محروم رکھے جارے ہیں۔