جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار نے جمعرات کو سرینگر کے باغِ گلِ لالہ میں منعقد ہونے والے آئندہ ٹولپ فیسٹول کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ اس فیسٹول سے ٹولپ گارڈن کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے باضابطہ طور سے کھولا جائے گا۔ اُنہوں نے اِس فیسٹول کی مختلف آن لائن اور آف لائن تشہیرکرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ تہوار جموں وکشمیر کی متنوع ثقافت کو ظاہر کرنے کا انوکھا موقعہ پیش کرے گا۔انہوں نے ناظم اطلاعات راہل پانڈے کو ہدایت دی کہ وہ فیسٹول کو روزانہ کی بنیاد پر فروغ دیں اور میگافیسٹول کی ساری کارروائی محکمہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارموںپر چلائیں۔اِس موقع پر اُنہیں بتایا گیا کہ مشہور مقامی فنکاروں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ سے آنے والے معروف میوزک فنکاروںسے بھی اس فیسٹول میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔سیکریٹری سیاحت سرمد حفیظ سے پروگراموں کا کلنڈر بنانے اور اس کے مطابق پروموشنل مہم ڈیزائن کرنے کو کہا گیا۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ سرینگر شہر میں عوام کو دیکھنے کے لئے بڑے تشہیری بورڈ لگائے جائیں گے۔پرنسپل سیکریٹری نے سیکرٹری سیاحت سے کہا کہ وہ تہوار کے کامیاب اِنعقاد کے لئے موزوں ترین ایجنسیوں کی نشاندہی کریں۔ اس فیسٹول میں جموں و کشمیر کے بھرپور ثقافتی ورثے اور روایات کو پیش کیا جائے گا تاکہ پوری دنیا کے لوگ متوجہ ہوں اور جموں و کشمیر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکریٹری پھولبانی شیخ فیاض احمد،سیکریٹری جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز کرتیکا جیوتسنا اور ناظم سیاحت جموں نسیم جاویدچودھری کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی جبکہ ناظم پھولبانی کشمیر اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے دیگر اعلیٰ اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔