گول// گزشتہ شدید برف باری کی وجہ سے سب ڈویژن گول میں بجلی کی ترسیلی لائنوں اور کھمبوں کو شدید نقصان پہنچا تھا تاہم محکمہ کی طرف سے بیانوے فیصد سپلائی کوبحال کردیاگیاہے۔ کینٹھہ سے اوپر گول، سلبلہ ، موئلہ ، پرتمولہ ، تنگالی، داچھن، ڈھیڈہ ، ہارہ ،کلی مستیٰ ، گاگرہ اور بھیمداسہ میں ترسیلی لائنوں اور کھمبوں کو نقصان پہنچا اور بجلی بحالی کے لئے محکمہ کے ملازمین کی کئی ٹیمیں انسپکٹر جان محمد بٹ اور عبدالحمید نجار لائن مین کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں بجلی بحالی کے لئے کام کر رہی ہیں ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے جان محمد بٹ نے کہا کہ آج کلی مستیٰ اور داچھن ، دبڑوغیرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے ٹیمیں کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ شدید برف باری کی وجہ سے بجلی سپلائی کو کافی نقصان پہنچا تھا جس وجہ سے وقت لگا ۔ انہوں نے کہاکہ ڈھیڈہ اور کلی مستیٰ علاقوں میں کل تک بجلی بحال کی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ کئی جگہوں پر ٹرانسفارمر خراب ہیں انہیں بھی جلد ٹھیک کیاجائے گا کیونکہ برف باری کی وجہ سے سڑک رابطہ ابھی بھی منقطع ہیں جس وجہ سے یہ کام التواء میں پڑا رہا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بجلی کا نا جائز استعمال نہ کریں اور بجلی محکمہ کا ساتھ دیں تا کہ اس نعمت کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکے ۔