گول //گول میں اگر محکمہ تعمیرات عامہ کی کار کردگی کو دیکھا جائے تو ہر جا نہایت ہی کمزور نظر آ رہی ہے اور اس محکمہ کی جانب سے آج تک کوئی بھی کام اپنی معیاد میں پورا نہیں کیا جا سکا ہے ۔جہاں عمارات کا کام تشنہ تکمیل ہے وہیں محکمہ نے سڑکوں کی تعمیر میں بھی سست رفتاری سے کام لیا ہے اور گول کی سڑکیں انتہائی خستہ حالت میں ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔ گول سب ضلع ہسپتال کے نزدیک ایک لنک سڑک جو فی الحال آئی ٹی آئی عمارت تک ہی جاتی ہے پر چار سال قبل تار کول ڈالنے کے ٹینڈر نکالے گئے تھے اور ٹھیکیدار نے اس لنک روڈ پر روڈی بھی بچھا دی تھی اور یہاں پر کئی ڈرم تار کول بھی لایا تھا لیکن روڈی بچھانے کے بعد محکمہ نظر نہیں آیا او ر یہ تار کول کے ڈرم سڑک کے کنار ے پڑے ہوئے ہیں اور جو روڈی اس لنک روڈ پر ڈالی گئی تھی وہ بھی اب اکھڑ چکی ہے اور سڑک کھنڈر دکھائی دے رہی ہے ۔ اگر چہ اس سڑک کے بارے میں محکمہ بخوبی جانتا ہے اور انتظامیہ سے بھی چھپی نہیں ہے لیکن اس کے با وجود اس کی حالت کو بہتر نہیں بنایا جا رہا ہے ۔ اس طرح سے محکمہ کے زیر تصرف کئی سڑکیں ہیں جو صرف زمینی سطح پر ایک لکیر سی ہیں اور لاکھوں کروڑوں روپے سڑکوں کے نام پر محکمہ نے نکالے ہیں لیکن ان کی حالت جوں کی توں ہے ۔ گورنر انتظامیہ سے لوگوں نے التماس کی ہے کہ جلد از جلد باقی سڑکوں کے ساتھ ساتھ آئی ٹی آئی روڈ گول کی حالت کو بھی بہتر بنایا جائے اور جو یہاں تارکول ضائع ہو رہا ہے اس کو استعمال میں لایا جائے تا کہ خزانہ عامرہ کے پیسوں کو غلط طو رپر استعمال نہ کیا جا سکے ۔