گول//گول و ملحقہ جات میں لگا تار شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے وہیں رابطہ سڑکوں کو بھی کافی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں اور لوگوں کو آنے جانے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گول بھیمداسہ ، کلی مستا وغیرہ علاقوں کی رابطہ سڑکیں مختلف مقامات پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے مسدود ہو کر رہ گئی ہیں جس وجہ سے لوگ گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور لوگوں کو گول صدر مقام پر پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وہیں دوسری رابطہ سڑکیں کھنڈرات کی شکل اختیار کر گئی ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام چھوٹی بڑی سڑکوں پر نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے تمام بارشوں کا پانی سڑکوں پر چلتا ہے اور اس طرح سے یہ پانی لوگوں کی زرعی اراضی اور رہائشی مکانات میں چلا گیا ۔ اس دوران شدید بارشوں کا پانی لوگوں کی دکانوں میں بھی چلا گیا ۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تمام سڑکوں کوٹریفک کیلئے بحا ل کیا جائے اور جہاں جہاں سڑکوں پر نالیاں نہیں ہیں نالیوں کو بنایا جائے تا کہ لوگوں کو بارشوں سے نقصان نہ ہو ۔