رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ کی قیادت میں گول میں عوامی شکایا ت کا ازالہ کرنے کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا ۔اس دوران لوگوں کے متعددمسائل کا ازالہ کیا گیا ۔کیمپ میں ایس ڈی ایم گول پنکج بگوترہ ،سی ای او ، پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئروں ،تحصیلدار گول و مختلف محکموں کے افسروں کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔کیمپ میں لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اپنے مسائل سے واقف کیا ۔اس موقعہ پر پیس اینڈ ویلفیر کی جانب سے ہسپتال کے نزدیک ایک بور ویل کی تعمیر میں پمپ کی کمی کا مسئلہ اُٹھایا جس سے 70فیصد گول کی عوام کو پانی مہیا ہو سکتا ہے لیکن یہاں پر باقی تمام کام ہوا ہے لیکن ایک پمپ کی کمی ہے جس وجہ سے یہ پروجیکٹ مکمل طو رپر بند پڑا ہوا ہے اس سلسلے میں کئی مرتبہ پرانے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن اور مقامی ممبر اسمبلی سے بھی استدعا کی تھی لیکن کچھ نتیجہ بر آمد نہ ہو سکا ۔ آج نئے ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز نے موقعہ پر ہی پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور محکمہ صحت عامہ سے کہا کہ دس دن کے اندر اندر پمپ لگایا جائے ۔علاوہ ازیں بازار میں بیچ سڑک میں کئی بجلی کے کھمبوں کی وجہ سے کافی دقتوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکموں سے کہا کہ جلد از جلد ان کھمبوں کو ہٹایا جائے ۔ سڑکوں کی حالت ابتر ، کیندریہ ویدیالیہ اسکول و دوسرے ترقیاتی کام بھی زیر غور لائے گئے ۔ اس موقعہ پر ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے کہا کہ وہ گول میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کرائیں گے جہاں پر تمام سب ڈویژن کے لوگوں کے ساتھ آمنے سامنے بات کریں گے اور تمام لوگوں کے مسائل سنے جائیں گے ۔