گول//حال ہی میں ضلع صدر مقام ریاسی میں سرپنچوں کے ایک دربار میں ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی نے جڈے پنچایت کی سرپنچ کے خلاف نازیبا بیان دیاہے اور اسے برخواست کرنے کی بھی دھمکی دی گئی جس پر ریاست بھر میں سرپنچوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں آج گول میں سرپنچوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرپنچوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ جمہوریت کو دبانے کے لئے بیوروکیسی کے دبائو کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ سرکاری وعدے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں سرپنچوں کے حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے اور21محکموں کے اختیارات برائے نام ہے۔ اس موقعہ پر سرپنچ گول اے گلزار احمد تراگوال نے کہا کہ رشوت خوری حد سے بڑھ گئی ہے اور برداشت سے باہر ہو گئی ہے ۔ انہوں نے تمام سرپنچوں سے التماس کیا کہ وہ ایک ہو کر غریب عوام کی خاطر لڑیں اور رشوت خوروں کا قافیہ حیات تنگ کرے تا کہ یہاں پر یہ ناثور ختم ہو جائے ۔انہوں نے اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی کے روئے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُسے اپنا بیان واپس لینا چاہئے یہ جمہوریت کے خلاف دبائو بنانا چاہتے ہیں اور اگر اس پر گورنر نے کوئی کارروائی نہیں کی تو پوری ریاست میں سرپنچ سراپا احتجاج ہو جائیں گے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ گول کی جانب سے داچھن کے نائب سرپنچ کو احتجاج پر وجہ بتائو نوٹس جاری کرنے پر سخت لہجے میں کہا کہ یہ سرا سر زبردستی کر رہے ہیں اور جن لوگوں نے سرپنچوں اور پنچوں کو اپنا نمائندہ چنا ہے اُن کی کوئی قدر قیمت نہیں ہے ۔ ایس ڈی ایم نے جو کچھ کیا ہے اُسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی بھی پنچ یا سرپنچ کے خلاف کوئی قدم اُٹھایا گیا تو اُس پر سخت نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں ۔اس موقعہ پر نیوزی لینڈ میں دہشت گردوں کی جانب سے 49نمازیوں کو شہید کرنے پر نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کے لئے دعائے مغفرت کی اور اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔اس موقعہ پر سرپنچ گول جمن ، سرپنچ گول بی ، سرپنچ پرتمولہ تنگالی، سرپنچ داچھن ، سرپنچ گگر سولہ سرپنچ کلی مستیٰ کے علاوہ دیگر نائب سرپنچوں اور پنچوں نے بھر پور شمولیت کی ۔