عظمیٰ نیوزسروس
گول//سب ڈویژنل مجسٹریٹ گول امتیاز احمدنے تمام اہم محکموں کے افسران کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی جس میں سب ڈویژن گول میں سرمائی تیاریوں، ضروری سامان کی دستیابی اور محکمانہ تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران ایس ڈی ایم نے تمام محکموں کو ہدایات دیں کہ سخت سردیوں میں عوام کو بلا تعطل ضروری خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بی آر او، پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کے افسران کو ہدایت دی کہ تمام اہم سڑکوں پر برف ہٹانے کے کام کو ترجیح دی جائے، خصوصاً گولرام بن روڈ، گول بدھن روڈ اور دور دراز دیہات کو جوڑنے والی دیگر اہم رابطہ سڑکوں پر۔ انہوں نے زور دیا کہ برف باری کے بعد ٹریفک کی بحالی فوری طور پر یقینی بنائی جائے تاکہ ضروری خدمات میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ایس ڈی ایم نے بی ایم او گول کو ہدایت دی کہ سب ڈویژن کے تمام طبی ادارے فعال اور قابل رسائی رہیں، خصوصاً حاملہ خواتین اور ایمرجنسی مریضوں کے لیے صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے ضروری ادویات، عملے کی دستیابی اور ایمبولینس خدمات کی ہمہ وقت تیاری پر زور دیا۔فارسٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ جنگلاتی آگ کی روک تھام کے اقدامات کو مؤثر بنایا جائے اور بالخصوص بالائی اور سرد علاقوں میں فائر ووڈ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ پی ڈی ڈی محکمے کو ہدایت دی گئی کہ باقاعدہ اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی برقرار رکھی جائے، اور خراب لائنوں، کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کی بروقت مرمت یا تبدیلی یقینی بنائی جائے تاکہ طویل پاور کٹ سے بچا جا سکے۔ فوڈ، سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز محکمے کو ہدایت دی گئی کہ ضروری اشیاء جیسے راشن، ایل پی جی، پٹرول اور ڈیزل کا وافر سٹاک رکھا جائے، خصوصاً دور دراز اور برف باری والے علاقوں میں تاکہ سڑکوں کی بندش کے دوران قلت پیدا نہ ہو۔ایس ڈی ایم امتیاز نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکمے باہمی تعاون اور مضبوط رابطہ برقرار رکھیں تاکہ پوری سرمائی مدت کے دوران عوام کو سہولت اور حفاظت فراہم کی جا سکے۔