گول//گول سلبلہ روڈ پر لوگوں نے صبح ہی سلبلہ علاقہ میں روڈ پر پتھر ڈال کر مسدود کر دیا اور احتجاج کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ گول سے سلبلہ تک سڑک پر نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی لوگوں کے رہائشی مکانات اور زرعی اراضی میں جاتا ہے وہیں جگہ جگہ پر سڑک کے کنارے لوگوں نے تعمیراتی میٹریل بھی ڈال رکھا ہے جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گول سے سلبلہ تک سڑک کی نالیوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے اور کسی بھی جگہ نالی ٹھیک نہیں ہے ۔ اگر چہ محکمہ اور انتظامیہ سے کئی مرتبہ التجاء بھی کی تھا لیکن یہاں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ایک مرتبہ یہاں ایک دوجگہ پر پی ڈبلیو ڈی نے جس کے سپرد یہ روڈ ہے ، نالیوں میں جے سی بی کے ذریعے ملبہ نکالا لیکن یہ ملبہ سڑک کے کنارے ہی رکھ دیا اور بارشوں کی وجہ سے یہ ملبہ دوبارہ نالیوں میں گیا اور اس ملبے کی وجہ سے ٹریفک اورلوگوں کو پیدل چلنے میں بھی کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جہاں ایک طرف سے اس روڈ کی حالت نہایت ہی ابتر ہے اور لوگوں کو کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے وہیں 2000ء سے لوگ اس سڑک میں آئی اراضی ، باغات کے معاوضے سے بھی محروم ہیں ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ لوگوں نے ان بیس برسوں میں محکمہ تعمیرات عامہ اور دیگر انتظامیہ امور کے دفاتر کی خاک چھانی لیکن اس کے با وجود کسی سرکار یا انتظامیہ کو یہاں کی غریب عوام پر کوئی ترس نہیں آیا ۔ احتجاج کر رہے لوگوں نے بارش کے دوران کسی بھی گاڑی کو گول آنے یا جانے کی اجازت نہیں دی اس دوران انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد لوگوں نے گاڑیوں کی آمد و رفت کو بحال کر دیا ۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بیس برس سے التواء میں پڑا معاوضے کو بحال کیا جائے تا کہ لوگوںکی پریشانیاں دور ہو ۔