گول//سب ضلع ہسپتال گول کے لئے ایک نئی عمارت کی تعمیر کے لئے موجودہ ہسپتال سے قریباً چارکلومیٹر دورجابہ علاقہ میں ہسپتال کی عمارت کی تعمیر کی خبریں موصول ہونے کے بعد گول کی عوام نے نہایت ہی رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح سے دودوجگہوں پر ہسپتال ہونا عوام کے لئے مزید مصیبتوں میں ڈالنا کے مترادف ہے۔ْ اس سلسلے میں آج گو ل میں معزز شہریوں کی ایک میٹنگ جس کی صدارت ڈی ڈی سی ممبر گول چوہدری سخی محمد کر رہے تھے منعقد ہوئی جہاں پر تمام معزز شہریوں ، سرپنچوں ،پنچوں و دیگر تمام سیاسی پارٹیوں کے کار کنوں نے حصہ لیتے ہوئے اس فیصلے کوعوام کش قرار دیا۔میٹنگ میں تمام لوگوں نے ہسپتال کی عمارت کی منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہسپتال کے ساتھ ہی اراضی خالی پڑی ہے اور مالکان اراضی بھی دیتے ہیں تو یہاں پر تعمیر کیوں نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہ موجودہ ہسپتال ستر سال سے زائد قبل یہاں پر تعمیر ہوا اور ہر ایک کو یہاں آنے جانے میں آسانی ہوتی ہے ،سڑک کے بر لب ہسپتال سے کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہوتی ہے اور اس طرح سے اس کی مزید ایک عمارت کو یہاں سے چار کلومیٹر دور جہاں کسی بھی صورت میں مناسب جگہ نہیں ہے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ گول کی تمام پنچایتوں کے ساتھ ساتھ داڑم ، گنڈی ، بھیمداسہ، گاگرہ ، کلی مستا، داچھن ،اندھ ، چھچھواہ کے علاوہ سنگلدان کے علاقہ جات کو یہاں مرکزپڑتا ہے اور آنے جانے میں آسانی ہو جاتی ہے ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم گول کو ایک یاداشت پیش کی گئی جس میں اس نئی عمارت کو اسی جگہ پر تعمیر کرنے کی استدعا کی ہے ۔