زاہدبشیر
گول// گول کے علاقہ جابہ میں گزشتہ شب اچانک آتشزدگی کے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ گھر میں موجود تمام گھریلو سامان جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔معلوم ہوا ہے کہ محمد یوسف ولد گلزار احمد شان کا رہائشی مکان کو قریباً آٹھ بجے آگ لگی اس دوران یہاں لوگوں کی نظر اس پر پڑی اور علاقے میں کافی شور مچا جس دوران لوگ اس جانب دوڑ پڑے ۔ وہیں اس دوران محکمہ فائر سروس کو بھی اطلاع دی گئی جو فوری طو رپر جائے وقوع پر آگ بجھانے پہنچی ۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ محکمہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پایا گیا، تاہم تب تک مکان مکمل طور پر تباہ ہوچکا تھا۔تا ہم ساتھ میں دوسرے رہائشی مکانات کو بچا لیا گیا ۔خوش قسمتی سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متاثرہ خاندان مالی طور پر بری طرح متاثر ہوا ہے اور کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہے۔اس آگ کی وجہ سے بچوں کی وردی ، کتابیں و دیگر گھر کے تمام ملبوسات و راشن راکھ ہو گیا ۔ متاثرہ خاندان اور مقامی باشندوں نے ضلع و سب ڈویژن گول کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر امدادی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو مالی امداد، رہائش اور ضروری اشیائے خورد و نوش فراہم کی جائیں تاکہ وہ اس مشکل گھڑی سے نکل سکیں۔وہیں اس دوران گول کی معروف سماجی تنظیم پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی نے غذائی اجناس و غیرہ امداد کے طور پر دئے اور دیگر لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندان کی فوری طو رپرمدد کریں کیونکہ آج کل جہاں مبارک کا مہینہ ہے وہیں سرد راتیں بھی ہیں جس دوران اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اگر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی سماجی تنظیمیں و لوگ مدد کے لئے آگے آئیں گے تو مکینوں کو کسی حد تک راحت مل سکے گی ۔علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فائر سروس کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں نقصانات کو کم کیا جاسکے۔