گول//گول بازار کو جاذب نظر بنانے اور یہاں پر صفائی ستھرائی کا بندو بست نہ ہی انتظامیہ کچھ کر رہی ہے اور نہ ہی پنچایتیں یا محکمہ دیہی ترقی نے سوچھ بھارت مشن کے تحت گول میں کوئی صفائی کا کام انجام دیا ہے ۔ گول بازار میں قریباً ایک ماہ قبل نالیوں سے گندگی نکال کر سڑک میں ڈھیر کر دئے ہیں ۔ یہ کام گریف حکام نے کیا ہے اور ان گندگی کے ڈھیروں سے بدبو کے مرغولے آتے ہیں جس وجہ سے یہاں کھڑا رہنا بھی مشکل بنا ہوا ہے اور اس کی سب سے زیادہ پریشانی یہاں دکانداروں کو اُٹھانی پڑتی ہے ۔ دکانوں کے سامنے جمع گندگی کے ڈھیروں سے یہاں کے دکانداروں کے ساتھ ساتھ راہگیر بھی کافی پریشان ہیں ۔ اگر چہ گول بازار میں جمع گندگی کے ڈھیروں سے متعلق اس سے قبل بھی خبر کے ذریعے سے انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی تھی اور ڈی ڈی سی چیر پرسن کو ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت عالم نے یقین دلایا تھا اور اس سلسلے میں گریف حکام35BRTFکو ڈی سی موصوف نے مطلع کرنے کی یقین دلایا اور جلد گول بازار میں جمع گندگی کو صاف کیاجائے گا لیکن آج دو ہفتے بھی گزر گئے لیکن نہ ہی انتظامیہ نے کوئی قدم اٹھایا ہے اور نہ ہی گریف کا کوئی آدمی یہاں نظر آیا بلکہ یہ گندگی کے ڈھیر جوں کے توں پڑے ہوئے ہیں ،کئی جگہوں پر دکانداروں نے کافی تنگ آنے کے بعد ان گندگی کے ڈھیروں کو ہٹایا ہے ۔ دکانداروں اور راہگیروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد گول بازار میں صفائی ستھرائی کا کام شروع کیا جائے تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔