گولڈن اسپتال میں 25مریضوں کی موت

نئی دلی //دہلی کے روہنی میں واقع جے پور گولڈن اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے سبب 25 مریضوں کی موت واقع ہو گئی۔ اسپتال میں آکسیجن ریفل نہ ہو پانے کی وجہ سے دیر رات گئے یہ سانحہ گزرا۔ اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اسپتال کے لئے 3.5 میٹرک ٹن آکسیجن الاٹ کی گئی ہے، جس کو کل سے پھر ریفل کیا جانا تھا لیکن دیر رات گئے ریفل نہیں ہوئی۔ جمعہ کی رات محض 1500 لیٹر آکسیجن ہی ریفل ہو پائی اس کے سب آکسیجن کا اسٹاک ختم ہو گیا اور 25 کورونا کے مریضوں نے دم توڑ دیا۔اسپتال نے بتایا کہ تاحال وہاں کورونا کے 215 مریض داخل ہیں، جنہیں آکسیجن کی ضرورت ہے۔ فوت ہونے والے تمام مریضوں کی حالات انتہائی نازک تھی۔ یہاں آکسیجن کا پریشر کافی کم ہو گیا، جو آکسیجن 5.30 بجے تک پہنچنی تھی وہ یہاں 12 بجے تک پہنچ پائی۔خیال رہے کہ ہفتہ کی صبح دہلی کے کئی اسپتالوں نے آکسیجن کی کمی کے حوالہ سے ایمرجنسی پیغام جاری کیا ہے۔ روہنی کے ہی ایک دیگر سروج اسپتال نے بھی آکسیجن کی کمی کے سبب ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں۔ اسپتال کی جانب سے مریضوں کو ڈسچارج کیا جا رہا ہے اور نئے مریضوں کے داخلے بند کر دیئے گئے ہیں۔اسپتال کی جانب سے ایک نوٹس جاری کرکے کہا گیا کہ بہت کوششوں کے بعد بھی ان کو آکسیجن کی فراہمی نہیں ہو پا رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ نئے مریضوں کو داخل کرنے سے قاصر ہیں اور سبھی مریضوں کو ڈسچارج کر رہے ہیں۔ اسپتال نے کہا، ’’یہ المناک صورت حال ہے اور اب اس حقیقت کو ہم اپنے تک محدود نہیں رکھ سکتے، ہمارے سسٹم نے ہمیں مایوس کر دیا ہے۔