کشتواڑ//بچوں کو بہتر و معیاری تعلیم فراہم کرنے کے دعوئوں کے بیچ ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ جات کے تعلیمی اداروں کا حال بدسے بدتر ہوتا جارہاہے جسکے سبب بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ تعلیمی زون درابشالہ کے گورنمٹ مڈل سکول پیاکل میں بچے سکول کھلنے کے بعد بھی کئی گھنٹوں اساتذہ کا انتظار کرتے رہیں لیکن 6 اساتذہ میں سے صرف ایک ہی ماسڑسکول میں حاضر تھا جبکہ ایک استاد چھٹی پر ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جہاں ایک سال تک سکول بند رہنے کے بعد اب انھیں امید تھی کہ انکے بچوں کو تعلیم دی جائے گی لیکن ستم ظریفی ہے کہ ایک سال تک اساتذہ گھروں میں آرام فرمانے کے بعد بھی اپنی ڈیوٹی کو سرانجام نہیں دے رہے ہیں۔انہوںنے سبھی اساتذہ کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا تاکہ بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہ ہو۔ زونل ایجوکیشن افسر سیوا رام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انھوں نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے سکول کے انچارج سے کل تک رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے کہ کیونکر سبھی اساتذہ سکول سے غیر حاضر تھے جسکے بعد انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔