ترال//جہاں محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کو یکم مارچ سے کھولنے کا اعلان کیاہے، وہیں دوسری جانب جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال سے 7 کلو میٹر دور گورنمنٹ ہائی سکول ماچھہامہ میں جگہ کی عدم دستیابی اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زیر تعلیم طلباء کے ساتھ ساتھ عملے کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دستیاب جانکاری کے مطابق سکول میں اس وقت 245 کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں ،تاہم بچوں کے بیٹھنے کے لئے اسکول میںکل 4 کمرے موجود ہیں جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کو انتہائی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا علاقے میں قائم مڈل سکول کا درجہ دو سال قبل بڑھا یا گیا، تاہم سکول میں عملے کے سوا کوئی بھی سہولیت موجود نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرکار ان کے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔جہاں ایک طرف سرکارنے سوچھ بھارت مشن پر کروڑوں روپے خرچ کیا ہے، وہیں اس سکول میں اس وقت صرف ایک بے کار بیت الخلا ء موجود ہے ۔سکول میں زیر تعلیم طالبات نے بتایا انہیں بیت الخلا ء کی عدم موجود گی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔کچھ والدین نے طلباء کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سکول میں پینے کے پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے تاہم اس میں بھی پانی کبھی کبھار ہی آتا ہے اور نتیجے کے طور بچوں کو گرمی کے موسم میں خاص کر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سکول ذرائع سے معلوم ہوا کہ جگہ اور سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث یہاں تعینات مرد اور خواتین عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ سکول علاقے کا ایک زمانے میں ماڈل سکول مانا جاتا تھا جس کے بچوں نے مختلف میدانوں میں نام کمایا ہے تاہم گزشتہ کئی سال سے یہاں تعلیم کے معیار میں کمی آئی ہے ۔اگر چہ سکول میں کمی اور خامیوں کے حوالے سے بات کرنے کی کوشش کی ہے تاہم یہاں کو ئی بھی میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے لئے تیار نہیں ہے کیوں کہ یہاں دو سال قبل سکول میں سہولیات دستیاب نہ ہونے کی اطلاعات میڈیا کو فراہم کرنے پر ایک استاد کو یہاں سے قریب 75کلو میٹر دور تبدیل کیا گیا اور اس طرح سے ضلع اور زون لیول افسران ان خامیوں کو پس پردہ رکھ کر غریب بچوں کی تعلیم سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا سکول میں حالیہ دسویں جماعت کے نتائج نہ ہونے کے برابرسامنے آئیں جہاں سکول میں زیر35میں سے صرف5 ہی طالب علم مشکل سے اس امتحان میں کامیابی حاصل کر پائے۔بچوں کی ناکامی کے اور بھی متعدد وجوہات ہو سکتے ہیں لیکن سکول میںجگہ کی کمی ایک بڑی وجہ کے طور مانی جا رہی ہے ۔