جموں//شری ماتا ویشنو دیوی کی پوتر گپھا کی یاترا پر آنے والے یاتریوں کے لئے اضافی رہایشی سہولیات کی ضروریات پورا کرنے کے لئے گورنر ستیہ پال ملک جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے بھون علاقہ میں دُرگا بھون کی دوبارہ تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔گورنر نے الیکٹرانک طریقے سے اس کا سنگ بنیاد رکھا اور شری ماتا ویشنوی دیوی شرائین بورڈ کی64 ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پانچ منزلہ عمارت پر تعمیری کام کا آغاز کیا۔میٹنگ میں بورڈ ممبران ایچ ایچ سری سری روی شنکر، ڈاکٹر اشوک بھان، کے بی کاچرو، کے کے شرما، مسٹر جسٹس (ریٹائرڈ) پرمود کوہلی، میجر جنرل( ریٹائرڈ) شو کمار شرما اور وجے دھر، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا، شرائین بورڈ کے سی ای او سمرن دیپ سنگھ، ایڈیشنل سی ای او وویک ورما، شرائین بورڈ کے چیف انجینئر، ایم ایم گپتا، ایس ایم وی ڈی این ایس ایچ ککریال کی ایڈمنسٹریٹو افسر ڈاکٹر( برگیڈئیر) ایم ایم ہرجائی بھی موجود تھے۔اس عمارت کے لئے14800 مربع فٹ اراضی پر50 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اس عمارت کے مکمل ہونے پر یومیہ4 ہزار یاتریوں کو مفت رہایشی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ نئے دُرگا بھون میں تمام سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی جن میں لاکر، بیت الخلاء، کمبل، کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ چار ایلی ویٹر بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے شرائین بورڈ کے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ نئے دُرگا بھون کے تعمیری کام کو جلد از جلد مکمل کریں تا کہ اس سہولیت سے یاتری مستفید ہوسکیں۔انہوں نے ماسٹر پلان میں موجود مختلف کمپو نینٹس کی عمل آوری کو یقینی بنائیں تا کہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات قائم ہوسکیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اس عمارت میں پانی کو دوبارہ استعمال کرنے اور ایس ٹی پی کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔